حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے اہتمام سے مرکزی امام بارگاہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں کریم اہلبیت نواسہ رسولؐ حضرت امام حسن المجتبیٰ ؑ کے یومِ ولادتِ باسعادت کے موقع پر پُر وقار تقریبات کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جس میں جامعہ باب العلم کے اساتذہ، طلاب، مکتب علی حسن آباد سرینگر کے طلاب اور لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر علمائے دین کے علاوہ طلاب نے امام حسن مجتبیٰ علیہ السّلام کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔
علمائے کرام نے امام عالی مقام ؑ کی سیرت و کردار اور حیات طیبہ کو مسلمانوں کی سربلندی اور ملت سازی کے لئے مشعل راہ قرار دیا۔
اپنے صدارتی خطبے میں صدر انجمنِ شرعی شیعیان حجتہ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسن المجتبیٰ ؑ نہ صرف سیرت و کردار میں اپنے نانا رسول اکرم ؐ کے آئینہ دار تھے، بلکہ صورت میں بھی سب سے زیادہ مشابہ تھے، آپ ؑ عالم اسلام کی مدبر ترین شخصیات میں شمار کئے جاتے ہیں، شریف النفسی اور کرم و سخاوت میں آپ اپنی مثال آپ تھے۔
آغا صاحب نے کہا کہ امام حسن ؑ نے مشکل ترین مراحل میں دین و امت کی خیر خواہی کا بے مثال مظاہرہ کیا۔
قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں جشنِ ولادت کے اختتام پر مکتب علی حسن آباد سرینگر کے ہونہار بچوں میں اعزازی سند تقسیم کی گئی۔
آپ کا تبصرہ